بنگلورو،24؍ستمبر(ایس او نیوز) شہر بنگلور سے سفر حج کے لئے روانہ ہونے والے حاجیوں کے سولہویں اور سترھویں قافلوں کی آج شہر میں بعافیت واپسی ہوئی۔کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر قائم عارضی حج ٹرمینل پر سترھویں قافلے کا استقبال ریاستی حج کمیٹی چیرمین ورکن اسمبلی جناب روشن بیگ نے کیا۔ تقریباً چھ سو حجاج پر مشتمل یہ دونوں قافلے صبح اور شام لوٹے ۔ ان حجاج کرام کو ایرپورٹ سے نکلنے میں آسانی کے لئے کسٹمز اور امیگریشن حکام نے بھرپور تعاون کیا اور تیزی کے ساتھ حجاج کرام کا لگیج کلیئر کردیا تاکہ باہر منتظر رشتہ داروں کے ساتھ تمام حجاج کرام آسانی سے رخصت ہوں۔ قافلوں کی آمد کے بعد حسب معمول ٹرمینل کے ہال میں خصوصی دعا کا اہتمام کیاگیا۔ اس دعا میں ملک وملت کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی ۔ جناب روشن بیگ نے حجاج کرام سے کہاکہ وہ ریاست اور ملک کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کریں۔ ملک میں امن وامان اور عوام پرور انتظامیہ قائم ہوجائے اس کے لئے دعا کی گزارش کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ حج کے کامیاب سفر سے لوٹنے کے بعد حجاج پر اﷲ کا یہ خصوصی کرم رہتا ہے کہ 40 دنوں تک ان کی ہر دعا قبول ہوتی ہے اسی لئے وہ اپنی دعاؤں میں ملک وملت کی سرخروئی اور ترقی کے لئے خصوصی التجا بارگاہ الہیٰ میں فرمائیں۔ا س موقع پر نوجوان قائد آر رومان بیگ ، ریاستی حج کمیٹی کے ممبران جے سید ثناء اﷲ ، ایم ایس ارشد ، حج کمیٹی کے نوڈل افسر سید اعجاز احمد، اور دیگر موجود تھے۔